چکوال، ڈی پی او کاشف ذوالفقار نے ذمہ داریاں سنبھال لیں
چکوال: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال کاشف ذوالفقار (پی ایس پی) نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر پولیس لائن میں چکوال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ڈی پی او کو سلامی پیش کی۔
ترجمان چکوال پولیس کے مطابق ڈی پی او نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز اور دیگر افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی، جس میں موجودہ صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او نے پولیس لائن کا تفصیلی دورہ کیا اور تمام انسٹالیشنز، بیرک کانسٹیبلان، مالخانہ، میس ہال اور ایم ٹی سیکشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران و جوانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے تازہ احکامات سے بھی آگاہ کیا۔
ڈی پی او کاشف ذوالفقار نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ڈی ایس پی ٹریفک شاہراہوں اور اہم مقامات پر نگرانی مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے ضلع بھر میں کرائم ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور گشت کے نظام کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔
مزید کہا کہ اسپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن کے تمام پروٹوکولز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت اولین ترجیح بنایا جائے۔
انہوں نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور پیشہ ورانہ انداز، عزم اور دیانت داری کے ساتھ سرانجام دیں۔