وزیراعظم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تاریخی تقرر پر مبارک باد
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز کے تاریخی تقرر پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کی دفاعی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قوم کی سلامتی کے نگہبان کے طور پر بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا، جس نے مسلح افواج کو معرکۂ حق میں فیصلہ کن کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں افواج کو متحد رکھنا اور پوری قوم کو ایک مقصد کے لیے یکجا کرنا فیلڈ مارشل کی شاندار قائدانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدتِ ملازمت میں توسیع پر بھی دلی مبارک باد دی۔
ان کے مطابق ایئر چیف کی پیشہ ورانہ قیادت میں پاک فضائیہ نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور سات دشمن طیاروں سمیت جدید میزائل دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں ناکارہ بنا کر ملک کی فضائی برتری کو مزید مضبوط بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قومی ادارے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ نصب العین کے لیے پوری طرح متحد ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ ہم سب مل کر وطنِ عزیز کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کی راہ پر گامزن رہیں گے۔