پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، تلہ گنگ سمیت 22 اضلاع میں واسا کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری

0

تلہ گنگ: پنجاب حکومت نے صوبے کے متعدد اضلاع میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واساکے قیام کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

ان شہروں میں پانی و نکاسِ آب سے متعلق خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق واسا کے قیام کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، تونسہ شریف، کوٹ اددو، بہاولنگر، وزیرآباد، تلہ گنگ، لودھراں، وہاڑی، خانیوال، پاکپتن، قصور، خوشاب، بھکر، میانوالی، منڈی بہاؤالدین، نارووال، چکوال، اٹک، چینوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کل 22 اضلاع میں نیا ڈھانچہ قائم کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ان شہروں میں واسا کے قیام کا مقصد شہری علاقوں میں بڑھتے ہوئے پانی کے مسائل کا مستقل حل فراہم کرنا، سیوریج نظام کو بہتر بنانا، نکاسی آب کے بڑے منصوبوں کو مربوط انداز میں چلانا اور شہری آبادی کو معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

واساکے قیام کے بعد ہر ضلع میں:

سیوریج سسٹم کی بہتری اور توسیع

پینے کے صاف پانی کی فراہمی

بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے

پانی کے ضیاع اور لائن لاسز کو کم کرنے کے اقدامات

جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کا استعمال

جیسے اقدامات مرحلہ وار کیے جائیں گے۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ متعلقہ اضلاع میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے مزید اصلاحاتی اقدامات بھی زیر غور ہیں۔

یہ فیصلہ پنجاب حکومت کے اُن اہداف کا حصہ ہے جن کا مقصد شہری انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا اور عوام کو عالمی معیار کی شہری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.