پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ
راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز کلین سوئپ کر لی۔ پاکستان نے 212 رنز کے ہدف کو صرف 45 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ فخر زمان نے 55 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کے علاوہ حسین طلعت نے بھی ناقابل شکست 43 رنز کی اننگز کھیلیں۔
سری لنکا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 46 ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس دوران سمارا وکراما نے 48 رنز بنائے جبکہ کپتان کوشل مینڈس نے 34 رنز اسکور کیے۔ اوپنرز پتہم نسانکا اور کامل مشارا بالترتیب 24 اور 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ پوون رتنائیکے نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستانی بالرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فیصل اکرم اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔