چکوال،مدرسہ زیادتی کیس، دونوں شیطان صفت ملزم گرفتار
چکوال : مدرسہ زیادتی کیس کے دونوں شیطان صفت ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او چکوال کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود کے مطابق ایک ملزم کو جاتلی اور دوسرے کو ضلع میانوالی سے گرفتار کیا گیا ہے۔
چوآ چوک میں واقع مدرسے کی انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، زیادتی کے شکار بچوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا اور ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ڈی پی او چکوال کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کا تعلق چکوال سے نہیں ہے ایک کا تعلق جاتلی ضلع راولپنڈی اور دوسرے کا ضلع میانوالی سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع چکوال شہیدوں اور غازیوں کا ضلع ہے، قبیح حرکت کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ پولیس مدرسہ انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کرے گی اور مقدمہ میں مزید دفعات بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،مدرسہ انتظامیہ کے افراد کو حراست میں لینے کی بھی اطلاعات ہیں ،حراست میں لیے گئے ملزمان کو نا معلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش جاری ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے دورہ چکوال کا بھی امکان ہے۔