میال ڈیم، ڈوبنے والی تیسری نعش بھی نکال لی گئی
تلہ گنگ :کئی گھنٹوں کے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد میال ڈیم میں ڈوبنے والی تیسری نعش بھی نکال لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق لیٹی کی رہائشی فیملی جس میں 26 سالہ نعمان احمد اسکی بیوی اور بھابھی شامل تھیں میال ڈیم پر سیر وتفریح کےلئے گئے ہوئے تھے کہ اچانک ایک کا پاؤں پھسلا اور وہ ڈیم میں جا گری جس کے بعد باقی دو نے اس کو بچانے کےلئے ڈیم میں چھلانگ لگا دی ۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی غوطہ خور، ریسکیو 1122 اور میال چوکی پولیس موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی۔
پہلے مرحلے میں ایک خاتون کی نعش نکالی گئی جس کے بعد مزید دو گھنٹے آپریشن جاری رہا اور نعمان احمد کی نعش نکال لی گئی۔
آج علی الصبح دوبارہ آپریشن شروع ہوا اور تیسری نعش جو خاتون کی تھی وہ بھی ڈیم سے مل گئی ۔