اسلامی سربراہ اجلاس کی تیاری،اعلیٰ حکام کا اجلاس ریاض میں شروع
جدہ : سعودی عرب کی دعوت پر آٹھویں غیر معمولی اسلامی سربراہی اجلاس کی تیاری کے لیے اعلیٰ حکام کا اجلاس جمعہ کوریاض میں شروع ہوگیا۔ او آئی سی کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے مندوبین نے حتمی اعلامیہ کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا جو غور و خوض کے لیے وزرائے خارجہ کی تیاری کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد آٹھویں غیر معمولی اسلامی سربراہی اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ سربراہ اجلاس 11 نومبرکو او آئی سی ممالک کے سربراہان اور حکومت کے سربراہوں کی موجودگی میں منعقد ہوگا۔ یہ غیر معمولی سربراہ اجلاس او آئی سی کے موجودہ سربراہ سعودی عرب کی درخواست پر فلسطین اور القدس الشریف کو درپیش سنگین صورتحال پر طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کا مقصد فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قبضے کے وحشیانہ قتل عام کے نتیجے میں مقبوضہ فلسطینی علاقے بالخصوص غزہ کی پٹی کے عوام کی بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال پر ایک مشترکہ اسلامی موقف اور عمل کے ساتھ سامنے آنا ہے۔