تنویر الیاس جہانگیر ترین کے گھر بھی پہنچ گئے
لاہور : آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق سے ہوتے ہوئے جہانگیر ترین کے گھر بھی پہنچ گئے۔
تنویر الیاس وزارت عظمیٰ کے منصب سے اترنے کے بعد پس منظر میں چلے گئے تھے اور ان کے قریبی ساتھی بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے لیکن دو دن پہلے وہ اچانک منظر عام پر آئے اور مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور انہیں لاہور میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے پاس لے گئے اور ان کے ساتھ ملاقات کرائی جس میں تنویر الیاس نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے 17 ارکان اور پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی کے متعدد ارکان کی بھی انہیں حمایت حاصل ہے لیکن چوہدری سرور کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران اچانک انہوں نےمختلف مؤقف اختیار کیا اور وہ پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کے چلے گئے تھے۔
تنویر الیاس ہفتہ کو ایک مرتبہ پھر سامنے آئے ہیں اور جہانگیر ترین,عون چوہدری اور ملک نعمان لنگڑیال کے ساتھ ملاقات کی اور نئ جماعت کے قیام اور مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے لیکن ابھی بھی تنویر الیاس کی منزل کے حوالے سے صورت حال واضع نہیں ہے۔