الیکشن کمیشن نے ضلع تلہ گنگ کو زندہ کر دیا

0

اسلام آباد (ملک ساجد فاروق سے) الیکشن کمیشن نے ضلع تلہ گنگ کو پھر زندہ کر دیا، الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کیا ہے اور فہرست میں سابق وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی طرف سے بنائے جانے والے ضلع تلہ گنگ سمیت دیگر اضلاع کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کو یہ اختیار ہے کہ وہ الیکٹورل گروپ کے اندراج کے لیے شیڈول جاری کرے تاکہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ شیڈول کے مطابق الیکٹورل گروپ تشکیل دے کر ان کا اندراج کروائیں اس سلسلے میں میں انتخابی گروپ کی درخواستوں کے جمع کروانے کے پبلک نوٹس اور پھر الیکشن کمیشن یا اس کے مقرر کردہ افسر کی طرف سے اپیلوں کے فیصلے کی آخری تاریخ کا شیڈول دے دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان راولپنڈی, بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنوں کی میٹروپولیٹن کارپوریشنوں کے سربراہان ، ڈپٹی میئرز، جنرل کونسلرز اور مخصوص نشستوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ضلع کونسل کے سربراہان اور ہر تحصیل سے ایک ایک ڈپٹی میئر،جنرل کونسلرز اورمخصوص نشستوں کی ترتیب بھی جاری کر دی گئی ہے۔

الیکٹورل گروپ کے لئے اضلاع کی جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں ان اضلاع کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں ہیں جو سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں بنائے گئے تھے ان میں ضلع وزیرآباد، ضلع تلہ گنگ اور ضلع مری شامل ہیں جن کی الگ الگ ضلع کونسلیں تشکیل دی جائیں گی۔

شیڈول کے مطابق ضلع کونسل چکوال،ضلع کونسل تلہ گنگ،ضلع کونسل وزیر آباد اور ضلع کونسل مری کا الگ الگ سربراہ ہوگا ہر تحصیل سے ایک ایک ڈپٹی میئر منتخب ہو گا، ضلع کونسل کے لئے کل 30 جنرل کونسلر منتخب کئے جائیں گے جبکہ اقلیتوں،خواتین،مزدور/کسان ،نوجوانوں،تاجر / کسانوں اور معذور افراد کے لئے 20 نشستیں مختص ہوں گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.