موٹر وے سالٹ رینج میں مسافر بس حادثے کا شکار، 3 جاں بحق، 21 زخمی
کلر کہار: موٹر وے سالٹ رینج میں مسافر بس حادثے کا شکار، 3 افراد جاں بحق، 21 زخمی موٹر وے سالٹ رینج ایریا، کلر کہار کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مسافر بس بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 21 مسافر زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 چکوال کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کی گئی۔ قریبی ریسکیو اسٹیشنز بشمول کلر کہار سب اسٹیشن اور سنٹرل اسٹیشن چکوال سے ایمبولینسز اور ریسکیو وہیکلز جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ریسکیو ٹیموں نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے جائے حادثہ کو کارڈن آف کیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ایک مربوط ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سنٹر کلر کہار منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔
مسافر بس راولپنڈی سے چشتیاں جا رہی تھی۔پنجاب ایمرجنسی سروسز، ریسکیو 1122 عوام کو ہدایت کرتی ہے کہ دوران سفر حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں اور گاڑیوں کی فنی حالت کو چیک کرنے میں کوتاہی نہ برتیں۔