وزیراعظم کا آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کے قیام کا خیرمقدم
اسلام آباد:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آئی بی آئی گروپ کی طرف سے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چین کے گیارہ رکنی بڑے کاروباری وفد نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جسکی سربراہی آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کر رہے تھے ۔
وزیر اعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوۓ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کیا ۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی شاندار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کے منتظر ہیں۔
وزیرِ اعظم نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں اپنے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور پاکستان و چین کے درمیان کاروباری سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر نہایت حوصلہ افزا ہے کہ آئی بی آئی ڈیجیٹل، معیشت میں تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی اشتراک کو فروغ دے گا۔
پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیان شیاو جون نے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان کی معیشت میں ڈیجیٹل اصلاحات میں معاونت کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی بی آئی کے ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹرز کا قیام اس ضمن میں انتہائی مثبت ثابت ہوگا اور پاکستان کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرکے بے شمار مواقع مہیا کرے گا۔
بیان کے مطابق یہ وفد وزیرِ اعظم کے ستمبر 2025 میں دورۂ بیجنگ کے دوران منعقدہ پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل میں پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیرِ تجارت جناب جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھا۔