وزیراعظم سے ایرانی وزیرِ خارجہ کی ملاقات،تفصیلی تبادلۂ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور زیرِ غور آئے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد سے ملاقات خوشگوار اور گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں نہ صرف علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔