شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن پر تفصیلی گفتگو

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے  جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

تقریباً پچاس منٹ تک جاری رہنے والی گفتگو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی امن کے امور زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کی حالیہ پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی رہنماؤں سے روابط کے نتیجے میں جنگ سے متاثرہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتکاری اور مکالمے کی حمایت میں اتفاق رائے بڑھا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ہونے والی پیش رفت کو بھی مثبت قرار دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کے لیے کاوشوں کو سراہا اور ایران کی جانب سے بھی خطے میں امن کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.