پاکستان کی سفارتی کامیابی، کل یوم تشکر منایا جائے گا

0

اسلام آباد: پاکستان کی سفارتی کامیابی، جنگ بندی پر مثبت پیش رفت، کل جمعہ کو یومِ تشکر منایا جائے گا ۔

اسلام آباد میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کابینہ اراکین کو خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے جاری سفارتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل اور حساس حالات میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے فریقین کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے میں اہم پیش رفت حاصل کی۔

کابینہ نے وزیرِ اعظم، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی قیادت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے قومی سطح کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

ارکان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں کمی آئی بلکہ پاکستان کا عالمی وقار بھی مستحکم ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے قوم سے اپیل کی کہ جمعہ کے روز یومِ تشکر منایا جائے اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل ہونے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کی بھی تلقین کی گئی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ معاشی استحکام اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.