وفاقی کابینہ کا اجلاس،وزراء نےتالیاں بجا کر وزیر اعظم کا استقبال کیا
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آمد پر ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر شاندار استقبال کیا، جبکہ ملک کی حالیہ سفارتی کامیابی اور عارضی جنگ بندی کے حصول پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔

بدھ کے روز وزیر اعظم جب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تو شرکاء نے پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے اس تاریخی کامیابی کو سراہا، جس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی ممکن ہوئی۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی انتھک سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عارضی جنگ بندی کے قیام میں ان کے کردار کو بے مثال قرار دیا۔
وزیر اعظم نے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کئی راتوں تک جاگتے رہے اور امریکی و ایرانی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ اللہ تعالیٰ کی مہربانی کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مکمل یکسوئی کو دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ہم آہنگی مستقبل میں بھی برقرار رکھی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں زوردار تالیاں بجائیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔