پٹرولیم لیوی میں بڑی کمی، پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی پر عوامی ردعمل
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پٹرول پر عائد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کم کر کے 80 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جس سے عوام کو فوری ریلیف ملا ہے۔ اسی طرح ہائی اوکٹین بلینڈنگ کمپوننٹ ایچ او بی سی پر لیوی 305.37 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دیگر پٹرولیم مصنوعات میں مٹی کے تیل پر 20.36 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 55.84 روپے جبکہ فرنس آئل پر 77 روپے فی لیٹر لیوی عائد کی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس نمایاں کمی پر عوامی سطح پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، تاہم حالیہ اضافے کے بعد یہ ریلیف ناکافی محسوس ہوتا ہے۔ دوسری جانب ماہرین کے مطابق لیوی میں کمی سے مہنگائی پر کچھ حد تک قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔