پٹرول لیوی میں 80 روپے کمی، پٹرول کی قیمت 378 روپے مقرر،وزیراعظم کا بڑا ریلیف پیکج اعلان

0

لاہور: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں مہنگائی اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کے تناظر میں بڑے عوامی ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول پر عائد لیوی میں فوری طور پر 80 روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 458 روپے سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ یہ اقدام ایک ماہ کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ کے ارکان اپنی چھ ماہ کی تنخواہیں قومی خزانے میں جمع کرائیں گے تاکہ وسائل بچا کر عوامی ریلیف پر خرچ کیے جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل مالکان کو 100 روپے فی لیٹر پٹرول سبسڈی دی جائے گی جبکہ مال بردار اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی خصوصی پیکج متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔

وزیراعظم نے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ امداد کا بھی اعلان کیا اور واضح کیا کہ Pakistan Railways کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور تمام وسائل عوامی فلاح کے لیے وقف کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو بھی شدید معاشی دباؤ کا سامنا ہے، تاہم حکومت نے گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو فوری بوجھ سے بچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبے مل کر عوامی مشکلات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور حالات معمول پر آنے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.