پاکستان نے یو اے ای کو2 ارب ڈالر کا قرض لوٹا دیا
اسلام آباد: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو دو ارب ڈالر کا قرض واپس کر دیا ہے، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نے کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ ادائیگی سعودی عرب سے موصول ہونے والے دو ارب ڈالر کے بعد کی گئی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ قرض کی واپسی کے باوجود ملکی زرمبادلہ ذخائر پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ بیرونی ادائیگیوں کے لیے مکمل انتظام موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے اپنے 3.5 ارب ڈالر واپس مانگے تھے، جن میں سے دو ارب ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں جبکہ مزید ڈیڑھ ارب ڈالر کی ادائیگی 23 اپریل کو کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کو حال ہی میں یورو بانڈز کی فروخت سے 500 ملین ڈالر بھی حاصل ہوئے ہیں، جس سے ملکی معیشت کو سہارا ملا ہے۔