پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول

0

اسلام آباد :سٹیٹ بینک کو  سعودی عرب کی وزارتِ خزانہ کی جانب سے 2 ارب ڈالر کی رقم موصول ہو گئی ہے، جس کی ویلیو ڈیٹ 15 اپریل 2026 ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ فنڈز پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اس پیش رفت سے نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام ملے گا بلکہ عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے مالی تعاون کا یہ سلسلہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے۔ یہ معاونت پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات کو پورا کرنے اور مالیاتی نظم وضبط کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس رقم کی آمد سے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی، جس سے درآمدات کے لیے ادائیگیوں میں سہولت پیداہوگی اور روپے پر دباؤ میں کمی متوقع ہے۔

حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک نے سعودی عرب کی حکومت کا اس بروقت مالی تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اقتصادی استحکام کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.