تلہ گنگ: مرکزی جامع مسجد عیدگاہ کے پاس نکاسی آب کا مسئلہ سنگین، نمازیوں کو شدید مشکلات

0

تلہ گنگ: مرکزی جامع مسجد عیدگاہ کے پاس نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث نماز جمعہ کے موقع پر ہزاروں نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حالیہ بارش کے بعد مسجد کے اطراف میں پانی جمع ہو گیا، جس سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی بلکہ عبادت کی ادائیگی میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔


نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا عبید الرحمٰن انور نے اس اہم عوامی مسئلے پر توجہ دلاتے ہوئے ایک قرارداد پیش کی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مسجد کے اطراف نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ نمازیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


قرارداد میں حکومت پنجاب کی "صاف ستھرا پنجاب” مہم اور واسا تلہ گنگ کی انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں اور علاقے کے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔


اس موقع پر موجود ہزاروں نمازیوں نے قرارداد کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر نکاسی آب کا مؤثر اور پائیدار نظام قائم کیا جائے، تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس سے نہ صرف عبادت گزاروں بلکہ علاقے کے رہائشیوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.