سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کی والدہ کی تعزیتی تقریب، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
پدھراڑ: سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کی والدہ کی وفات پر دعائے مغفرت اور تعزیتی تقریب ان کے آبائی علاقے فورٹ سالار پدھراڑ میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، جہاں لوگوں نے سمیرا ملک اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سمیرا ملک، ان کے بیٹوں سابق رکن قومی اسمبلی ملک عزیر محمد خان، ملک اسفند یار خان اور ملک سالار محمد خان اعوان نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور غم کی اس گھڑی میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء کے لیے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔