پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پٹرول 458 روپے 40 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر
اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث پاکستان کے لیے قیمتیں برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا، اسی لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔

وزراء کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، خصوصاً کمزور اور نچلے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور متبادل ذرائع کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے بڑے اضافوں سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی اسی طرح مال بردار گاڑیوں کے لیے ڈیزل پر 100 روپے اور مال بردار ٹرکوں کے لیے ڈیزل پر 70 روپے سبسڈی دی جائے گی۔
موٹر سائیکل سواروں کو تین ماہ کے لیے اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو ایک ماہ کے لیے ریلیف دیا جائے گا۔