شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی اہم ملاقات، خلیجی صورتحال، سفارتکاری اور سندھ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں خلیج میں جاری صورتحال، قومی سلامتی، سفارتی حکمت عملی اور داخلی سیاسی امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے وفد کو خطے میں کشیدہ حالات کے تناظر میں پاکستان کی متوازن اور فعال سفارتی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز اور قومی یکجہتی کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو دانشمندانہ اور بروقت قرار دیتے ہوئے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومتی فیصلے نہ صرف ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ پاکستان کے عالمی تشخص کو بھی مضبوط کریں گے۔

اجلاس میں صوبہ سندھ میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور ان منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی فلاح کے اثرات کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔