پاکستان کا امن مشن، ملائیشیا بھی ساتھ کھڑا ہوگیا
اسلام آباد: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے جمعرات کو ملائیشین ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم کو خطے کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایرانی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے مشرقِ وسطیٰ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے ان کوششوں میں ملائیشیا کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ملائیشین قیادت کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے اور اہم علاقائی امور پر مشاورت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا