وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات ،سی پیک فیز ٹو پر کام تیز کرنے کا عزم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ اقتصادی و سفارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک فیز ٹو (CPEC-II) کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جس میں زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے چین میں حالیہ “ٹو سیشنز” کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور یومِ پاکستان کے موقع پر نیک تمناؤں پر صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے چین کی مسلسل اقتصادی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، زرعی جدیدیت اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری روابط پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کشیدگی میں کمی اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پاک چین “آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔