تلہ گنگ: ٹمن موڑ کے قریب کار حادثہ، ایک شخص شدید زخمی
تلہ گنگ:ٹمن موڑ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک کار الٹنے سے 27 سالہ نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور زخمی کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو ٹمن کے علاقے سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ایک کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی ہے اور گاڑی میں سوار شخص شدید زخمی ہو گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم کو تلہ گنگ سب اسٹیشن سے جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو محفوظ بنایا اور زخمی شخص کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی کی شناخت 27 سالہ عدیل ولد خالق کے نام سے ہوئی ہے، جو ملتان خورد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کے سر پر گہری چوٹیں آئی ہیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کے لیے سٹی ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔