تیل بحران کے باعث 23 مارچ کی پریڈ منسوخ، یومِ پاکستان سادگی سے منانے کا فیصلہ
خلیجی تیل بحران اور ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے تناظر میں حکومت نے 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی مرکزی فوجی پریڈ اور اس سے جڑی تمام بڑی تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یومِ پاکستان روایتی انداز کے بجائے سادہ اور باوقار طریقے سے منایا جائے گا، جس کے تحت محدود سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ قومی وسائل کے مؤثر استعمال اور حکومتی کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ اس امر کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ یومِ پاکستان کی تاریخی و قومی اہمیت، جذبہ حب الوطنی اور اس کے نظریاتی پہلو پوری طرح اجاگر رہیں۔
حکومت نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو سادگی مگر وقار کے ساتھ منائیں، تاکہ محدود تقریبات کے باوجود قوم کے عزم، یکجہتی اور نظریۂ پاکستان سے وابستگی کا بھرپور اظہار ممکن ہو سکے۔