ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات: وزیراعظم کا ہنگامی جائزہ، سخت عملدرآمد کی ہدایت
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام نے کفایت شعاری اور بچت اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ انٹیلی جینس بیورو کو تمام اقدامات کی نگرانی اور رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق مناسب ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت کا خدشہ نہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزیرِ پیٹرولیم اپنی کاوشیں تیز کریں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ریکارڈ کو منظم رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ کابینہ ارکان نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سرکاری محکموں میں تیل کے استعمال میں کمی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ان اقدامات سے موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید برآں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ادویات کا بھی مناسب ذخیرہ موجود ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں ضروریات پوری کی جا سکیں۔
سرکاری امور کی روانی برقرار رکھنے کے لیے "ورک فرام ہوم” کے تحت ای-آفس سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے خصوصی کنیکٹیویٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔