خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

0

لاہور: وزیرِ اعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور اشیائے خورونوش کی برآمدات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک میں موجود اشیائے خورونوش کے ذخائر اور پیداوار کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی قسم کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیائے خورونوش کی طلب اور رسد کی مکمل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی کے نظام میں خلل کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے غذائی تحفظ کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پاکستان کی غذائی ضروریات کو متاثر کیے بغیر وافر مقدار میں دستیاب اشیائے خورونوش کی خلیجی ممالک کو برآمد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برادر خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے دوران اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ہدایت کی کہ بحری راستے کے ذریعے خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں زرعی اجناس، گوشت، مرغی بانی، دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء اور سمندری خوراک کے شعبوں میں برآمدات کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی۔

وزیرِ اعظم نے خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور تجارتی افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ برآمدات کے فروغ کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار ،وفاقی وزراء جام کمال خان اور رانا تنویر حسین سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ شعبوں کی نجی تنظیموں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.