صدر زرداری کا معروف اداکار شجاعت ہاشمی کے انتقال پر اظہارِ افسوس
اسلام آباد ممتاز اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے ۔
صدر آصف علی زرداری نے ل شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ شجاعت ہاشمی ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے سنہری دور کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنی شاندار فنی صلاحیتوں سے ناظرین اور سامعین کے دل جیتے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مقبول ڈرامہ سیریل "وارث "میں شجاعت ہاشمی کی لازوال اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ریڈیو، ٹیلی وژن، تھیٹر اور فلم کے ذریعے قومی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تمغۂ حسنِ کارکردگی کے حامل شجاعت ہاشمی کی فنی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ان کا نام پاکستان کے ثقافتی و فنکارانہ منظرنامے میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔
صدر مملکت نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی