پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا، ون ڈے سیریز برابر
ڈھاکا: تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) طریقۂ کار کے تحت 128 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

میرپور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم نے 47 اعشاریہ 3 اوورز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز بنائے اور نمایاں رہے۔ سلمان علی آغا نے 64، محمد رضوان نے 44 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں فہیم اشرف 14، عبدالصمد 11، حسین طلعت 9 اور شمائل حسین 6 رنز بنا سکے، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 3 اور محمد وسیم جونیئر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مہدی حسن میراز نے دو جبکہ ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ساتویں اوور میں بارش شروع ہونے کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بعد ازاں ڈک ورتھ لوئس اسٹرن طریقۂ کار کے تحت میچ کو 32 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ لٹن داس 41 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ توحید ہریدوئے نے 28، عفیف حسین نے 14 اور سیف حسن نے 12 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں تنزید حسن اور مہدی حسن میراز ایک، ایک رن بنا سکے، رشاد حسین دو اور مستفیض الرحمان چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نجم الحسن شانتو بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو اور محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔