وزیراعظم کا عالمی منڈی میں اضافے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عام آدمی پر بوجھ کم رکھنے کے لیے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت اس وقت دباؤ کا شکار ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، تاہم حکومت بروقت پالیسی سازی، بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بطور خادمِ پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے اشرافیہ اور حکومت سے بچت اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات میں بھرپور تعاون کر رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور سفارتی و معاشی ٹیم کی کوششوں کے باعث ملک کی ضروریات کے لیے خام تیل کی مناسب مقدار دستیاب ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کہیں بھی سرکاری مقررہ قیمت سے زائد قیمت وصول نہ کی جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.