وانیزا ستار کی شعیب ملک سے منسوب شادی کی افواہوں کی تردید
کراچی: اداکارہ وانیزا ستار نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں ان کی قومی کرکٹر شعیب ملک سے مبینہ شادی کا دعویٰ کیا جا رہا تھا۔
ایک نجی پروگرام "شانے سحور” میں گفتگو کرتے ہوئے وانیزا ستار نے کہا کہ ان کا شعیب ملک سے کسی بھی قسم کا ذاتی تعلق نہیں اور وہ آج تک ان سے کبھی ملی بھی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی یہ افواہیں ان کے لیے بھی حیران کن تھیں۔
اداکارہ کے مطابق ابتدا میں انہوں نے اس معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا اور اسے محض ایک مذاق سمجھ کر نظر انداز کر دیا، تاہم جب یہ خبریں تیزی سے وائرل ہونے لگیں اور مختلف پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث آنے لگیں تو صورتحال مختلف ہو گئی۔
وانیزا ستار نے کہا کہ ان جھوٹی خبروں کا اثر نہ صرف ان کی ذاتی زندگی پر پڑا بلکہ شعیب ملک کو بھی اس حوالے سے وضاحت دینا پڑی اور انہوں نے عوامی طور پر ان افواہوں کی تردید کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے کیریئر اور ساکھ کو متاثر کرنے والی کسی بھی جھوٹی خبر یا سستی شہرت کا حصہ بننا نہیں چاہتیں۔ ان کے بقول اگرچہ اس واقعے کے بعد انہیں غیر معمولی توجہ ملی، لیکن وہ مقبولیت حاصل کرنے کے لیے ایسی افواہوں پر انحصار نہیں کرتیں۔