لکی مروت دہشتگرد حملہ، وزیراعظم شہباز شریف کی مذمت، شہداء کے لیے دعائے مغفرت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس کی گاڑی کے قریب ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ وطن کے امن کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بہادری سے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔