سعودی عرب کا دورہ مکمل، وزیرِ اعظم شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے
لاہور: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے سرکاری دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
دورے کے دوران انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت کو سراہا۔
انہوں نے موجودہ آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی حالیہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے دونوں ممالک مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

بعدازاں وطن واپسی کے لیے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔