اسلام آباد، ٹریفک پابندیاں ختم، اسحاق ڈار کا شہریوں سے اظہارِ تشکر
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سیرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف عائد ٹریفک پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اہلِ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے صبر اور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حمایت اور تعاون کی بدولت مہمانوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہے اور عوام کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی قدر کرتی ہے۔