شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے ملاقات، پاکستان اور سعودی عرب کا خطے میں امن کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم

0

جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل حمایت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.