شہباز شریف سعودی عرب کے مختصر سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے
جدہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر مختصر سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران چند گھنٹے قیام کریں گے اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی حکام نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کو سفارتی سطح پر اہم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کو مزید تقویت ملے گی۔