ایران کے سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کا شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان

0

تہران: ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لیے بغیر نہیں رکے گا اور دشمن کو عوامی یکجہتی کے ذریعے شکست دی جائے گی۔

ایک آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا اور ہر حملے کا دندان شکن جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن جھوٹ اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے، تاہم ایرانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کو 10 رمضان المبارک کو قرآن پاک کی تلاوت کے دوران شہید کیا گیا، جس پر پوری ایرانی قوم غمزدہ ہے، تاہم قوم اپنے شہداء، خصوصاً مناب اسکول کے شہداء کا بدلہ ضرور لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے اور ایران کی کارروائیاں صرف فوجی اہداف تک محدود ہیں۔ ان کے مطابق ایرانی فورسز صرف دشمن کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور یہ کارروائیاں ناگزیر طور پر جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیر کسی قیادت کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ ایرانی عوام کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا اور مشکل وقت میں ایرانی قوم نے ہمیشہ دانشمندانہ فیصلے کیے ہیں۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے آبنائے ہرمز کو بند رکھا جانا چاہیے اور مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈے بند کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی اڈے بند نہ کیے گئے تو حملے جاری رہیں گے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں قوم کی رہنمائی کی ذمہ داری بہتر طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.