پہلا ون ڈے: بنگلادیش کے سامنے پاکستانی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی
میرپور: بنگلادیش نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میرپور میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے 115 رنز کا ہدف صرف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔ بنگلادیشی بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں پاکستانی ٹیم بنگلادیشی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان 27 اور معاذ صداقت 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان 10 جبکہ سلمان علی آغا 5 رنز بنا سکے۔
ڈیبیو کرنے والے شامل حسین 4 رنز بنا سکے جبکہ حسین طلعت اور کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی 4،4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبدالصمد اور محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ مہدی حسن میراز نے بھی 29 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹرز نے پراعتماد بیٹنگ کی۔ تنزید حسن نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی جبکہ نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں 114 رنز پاکستان کا کم ترین اسکور ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس وکٹ پر 270 سے 280 رنز کا ہدف اچھا ثابت ہو سکتا ہے۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شامل حسین نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔