سپیکٹرم نیلامی، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب تاریخی سنگِ میل: عطا اللہ تارڑ

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے شفاف طریقے سے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل کر کے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل حاصل کر لیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” کی عملی تعبیر ہے، جس کا مقصد ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے اس موقع پر وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ خزانہ کی سربراہی میں قائم اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین کو کامیاب نیلامی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ 5G ٹیکنالوجی کے متعارف ہونے سے ملک میں ای کامرس، آن لائن تعلیم، ای گورننس، اسمارٹ سٹیز اور صنعتی آٹومیشن کے شعبوں میں نئی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ آئی ٹی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی عالمی دوڑ میں شامل کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.