معاشی جائزہ اجلاس، کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات پر غور
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملکی معیشت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری، سادگی اور توانائی کی بچت سے متعلق اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں موجودہ علاقائی صورتحال اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات کے پیش نظر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں توانائی کی بچت، حکومتی اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کی پالیسی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے ملک میں توانائی کی بچت کے لیے جامع لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی جبکہ حکومتی سطح پر سادگی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بدلتی علاقائی صورتحال کے پیش نظر معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے مربوط اور قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان یار محمد ناصر اور خیبر پختونخوا کے مشیر مزمل اسلم سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔