ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد وطن واپس پہنچ گئی
کراچی: ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی جہاں ایئرپورٹ پر ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں، سابق قومی کھلاڑیوں، امپائرز اور شائقین کی بڑی تعداد نے ٹیم کا خیرمقدم کیا اور کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

اس موقع پر عہدیداروں اور سابق کھلاڑیوں نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے مشکل حالات کے باوجود بہترین کھیل پیش کیا اور ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی سرپرستی سے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ عروج حاصل ہوگا۔
کھلاڑیوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں مزید محنت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پاکستان ہاکی کو عالمی سطح پر دوبارہ مضبوط مقام دلانے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے شائقین کی حمایت اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔