ورک فرام ہوم ،پنجاب میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے

0

لاہور: خطے کی صورتحال کے باعث  ممکنہ پٹرولیم بحران کے پیش نظر پنجاب میں متعدد ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کے مطابق پنجاب بھر میں تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، تاہم امتحانات پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔ تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بحران کے دوران کفایت شعاری اپنانے کے لیےصوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول فوری طور پر بند کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضر ہوگا جبکہ اضافی سپورٹ اسٹاف گھروں سے کام کرے گا۔ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد کیے جائیں گے۔

پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں پٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی ضروریات کے علاوہ صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کو صرف ایک اضافی سرکاری گاڑی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

تمام سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ لاہور کا روایتی ہارس اینڈ کیٹل شو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور مریم کی دستک کے تحت سرکاری خدمات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی بھی کی جائے گی تاکہ عوام کو غیر ضروری اضافے سے بچایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.