مجتبیٰ خامنہ ای ،ایرانیوں کو نیا سپریم لیڈر مل گیا

0

تہران: ایران میں سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے دوسرے بیٹے 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ملک کا نیا سپریم لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔
رہبرِ انقلاب کے انتخاب کا فیصلہ ایران کے آئینی ادارے مجلسِ خبرگانِ رہبری کے اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای نے باضابطہ طور پر ایران کی اعلیٰ مذہبی اور سیاسی قیادت سنبھال لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی قیادت کے تقرر کا مقصد ملک میں سیاسی استحکام کو برقرار رکھنا اور موجودہ علاقائی و عالمی چیلنجز کے دوران نظامِ حکومت کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔ مجتبیٰ خامنہ ای کو طویل عرصے سے ایرانی سیاسی و مذہبی حلقوں میں بااثر شخصیت سمجھا جاتا رہا ہے اور وہ مختلف ریاستی امور میں غیر رسمی طور پر اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کی بطور سپریم لیڈر تقرری ایران کی داخلی سیاست کے ساتھ ساتھ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور سفارتی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ایران میں سپریم لیڈر ملک کا سب سے طاقتور عہدہ ہوتا ہے جو مسلح افواج، عدلیہ اور اہم ریاستی پالیسیوں پر حتمی اختیار رکھتا ہے، جبکہ اس عہدے پر تقرری کا اختیار مجلسِ خبرگانِ رہبری کے پاس ہوتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.