متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کے ملبے سے دو پاکستانی جاں بحق، صدر اور وزیراعظم کا اظہارِ افسوس

0

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات میں میزائلوں کے ملبے سے دو پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال عالمی امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو خطے میں جاری کشیدگی دیگر ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

صدرِ مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کا پائیدار حل طاقت کے استعمال کے بجائے سفارتکاری، مذاکرات اور تحمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، تحمل اور بین الاقوامی قانون کے احترام کی حمایت کرتا ہے اور تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق پاکستانیوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کے لیے دعا مغفرت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.