پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، تیل فی لیٹر 55 روپے مہنگا
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55 روپے اضافہ کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے پیٹرول پر لیوی 84 روپے 40 پیسے سے بڑھا کر 105 روپے 37 پیسے فی لیٹر کر دی ہے، جبکہ ڈیزل پر لیوی 76 روپے 21 پیسے سے کم کر کے 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 20 روپے 97 پیسے اضافہ جبکہ ڈیزل پر 20 روپے 97 پیسے کمی کی گئی ہے۔
میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے اور خطے میں جاری صورتحال کے اثرات توانائی کی عالمی منڈیوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ممکنہ بحران کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں اضافہ کیا تھا اور صورتحال کو حکمت عملی کے تحت سنبھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواجائز منافع خوری پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق حالیہ اضافہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے کیونکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی سطح پر تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور وزیراعظم اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اوگرا اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار کے مطابق حکومت نے قیمتوں میں اضافے کے فیصلے میں متوازن راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف ممالک سے سفارتی رابطے بھی کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا درآمدات اور برآمدات پر کیا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور عوام کو کسی قسم کی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ صورتحال کے مطابق آئندہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔