صدر اور وزیراعظم کا قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر اظہارِ مسرت
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے طویل وقفے کے بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ کے روز جاری اپنے الگ الگ بیانات میں صدر اور وزیراعظم نے قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے احیاء اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل قومی اتحاد، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ ہاکی اور فٹبال جیسے عوامی کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے کیونکہ یہ کھیل محنت کش طبقے اور عام لوگوں میں بے حد مقبول ہیں، اس لیے انہیں ملک بھر میں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی آٹھ سال بعد قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ کھیل جاری رکھیں تو پاکستان ورلڈ کپ میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑی اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں، حکومت قومی ٹیم کو بہترین سہولیات اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان ایک بار پھر عالمی سطح پر ہاکی میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔