داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ بھکر پر خودکش حملہ؛ دو پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی

0

لاہور:ضلع بھکر میں داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق شہداء میں کانسٹیبل فہیم عباس اور کانسٹیبل شہباز مدنی شامل ہیں جبکہ زخمی کانسٹیبل ارشد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کیا اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر پولیس جوان ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے اور قیامِ امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.