شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
دوحہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔
دوحہ کے حمد بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر ان کا پرتپاک استقبال قطر کے وزیر مملکت برائے امورِ خارجہ ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر محمد عامر اور سفارتی حکام نے کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم اپنے دورۂ قطر کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔